اے بی ڈیویلیئرز نے بھی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا فائنل ہونیکا امکان ظاہر کردیا
جنوبی افریقا کے سابق جارحانہ بیٹر اے بی ڈیویلیئرز نے بھی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء میں پاکستان اور بھارت کا فائنل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 38 سالہ اے بی ڈیویلیئرز نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پر ایک پول شیئر کیا جس کے تحت انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کی رائے لی کہ آیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل ہوگا یا نہیں؟ 70 فیصد سے زائد مداحوں نے پاکستان اور بھارت کا فائنل ہونے کے حق میں ووٹ دیا، جس پر سابق جنوبی افریقی کرکٹر نے ایک اور ٹوئٹ کی۔سابق پروٹیز کرکٹر نے کہا کہ ‘بے شک پول کا یہ نتیجہ تصوراتی ہے، 70 فیصد سے زیادہ لوگوں کو لگتا ہے پاک بھارت فائنل ہوگا لیکن اس حوالے سے یقیناً نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی کچھ کہنا چاہیں گی’۔ انہوں نے کہا ‘دونوں ٹیمیں اس وقت مضبوط اور بہترین پوزیشن میں ہیں، ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنلز شاندار ہونے والے ہیں’۔ ڈیویلیئرز نے مزید لکھا ‘میرا بھی یہ ہی خیال ہے کہ پاکستان اور بھارت کا فائنل ہوگا، یہ مقابلہ منہ میں پانی لانے والا (شاندار) ہوگا ۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل بدھ کو سڈنی، جب کہ بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل جمعرات کو ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔ سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں بروز اتوار 13 نومبر کو آپس میں ٹکرائیں گی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں